11 اکتوبر ، 2024
صدر مملکت آصف علی زرداری نے عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے کا دورہ کرکے 7 اکتوبر کے دہشتگرد حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
چینی سفیر جیانگ زئے دونگ سے ملاقات میں صدر مملکت نے دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس گھناؤنے جرم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر مملکت نے دکھ کی گھڑی میں چینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چینی حکومت اور عوام کا پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے دشمن دونوں ریاستوں کے مابین بڑھتی شراکت داری نہیں دیکھ سکتے، دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں دوستوں کے درمیان دوستی کے بندھن کو کمزور نہیں کر سکتیں۔
صدر مملکت نے پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کا تحفظ اور سلامتی یقینی بنانے کیلئے پاکستان کے عزم بھی کا اعادہ کیا۔