13 اکتوبر ، 2024
بالی وڈ اسٹار سلمان خان کی اپنے قریبی دوست و سیاستدان بابا صدیقی کا آخری دیدار کرکے واپس جانے کی تصاویر وائرل ہوگئیں۔
گزشتہ روز ممبئی کے علاقے باندرہ میں معروف بھارتی سیاستدان بابا صدیقی کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا۔
پولیس نے بابا صدیقی کے قتل کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا جنہیں پولیس ریمانڈ پر تحویل میں دے دیا گیا ہے۔ بابا صدیقی کی نماز جنازہ باندرہ میں ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور ان کی تدفین مقامی قبرستان میں سرکاری اعزاز کے ساتھ کی گئی۔
بالی وڈ اسٹار سلمان خان بھی آج ایک بار پھر بابا صدیقی کے گھر پہنچے اور ان کا آخری دیدار کیا۔ ان کے گھر سے واپس جاتے ہوئے سلمان خان کی آنکھیں شدت غم سے نم تھیں اور اس موقع پر لی گئی ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
بابا کی سلمان خان سے دوستی کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ بابا صدیقی پر حملے کی اطلاع ملتے ہی وہ بگ باس کی شوٹنگ چھوڑ کر اسپتال پہنچ گئے تھے اور کافی دیر وہیں رہے۔
بابا صدیقی کے قتل کے بعد سلمان خان کی بھی سکیورٹی سخت کردی گئی ہے اور ان گے گھر کے باہر بھی بھاری نفری تعینات ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سلمان خان کی تصاویر پر تبصرے کیے جا رہے ہیں اور صارفین انہیں صبر کی تلقین کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ سلمان خان اور شاہ رخ خان کے تعلقات کو ٹھیک کرانے میں بابا صدیقی کا اہم کردار تھا۔ بابا صدیقی کی افطار پارٹی نے ہی ماضی میں ایک دوسرے کے حریف سمجھے جانے والے شاہ رخ خان اور سلمان خان کو قریب کیا اور یہ تعلق اب اچھی دوستی میں بدل گیا۔
انہیں تعلقات کے بعد دونوں ایک دوسرے کی فلموں میں کام کرنے لگے ہیں۔