13 اکتوبر ، 2024
نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کئی سال بعد پاکستان بڑے عالمی ایونٹ کی میزبانی کررہا ہے، ایک سیاسی جماعت احتجاج کی کال دے کر شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کو سبوتاژ کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراطلاعات عطا تارڑ نے شاہراہ دستور پر واک کی اور ایس سی او سربراہ کانفرنس کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان ایس سی او سربراہ اجلاس کے شرکا کے خیرمقدم کیلئے تیار ہے، ایس سی او اجلاس میں رکن اور مبصر ملکوں کے سربراہان اور مندوبین شریک ہوں گے، بھارت کے وزیرخارجہ بھی ایس سی او کانفرنس میں شرکت کریں گے، ہم شاندار میزبانی کی ذمہ داری احسن طریقے سے انجام دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کئی سال بعد پاکستان بڑے عالمی ایونٹ کی میزبانی کررہا ہے، چین کے وزیراعظم پاکستان کا دوطرفہ دورہ کریں گے، بھارتی وزیر خارجہ کی طرف سے دوطرفہ ملاقات کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی، ایس سی او سیکرٹری جنرل میڈیا کو کانفرنس کے بارے میں بریفنگ کریں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ وزارت اطلاعات، وزارت خارجہ سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز نے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں، ان سب کا مشکور ہوں، تمام اداروں اور محکموں نے باہمی تعاون سے بہترین انتظامات کیے ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہناتھا کہ ایک سیاسی جماعت نے 2014 میں دھرنا دیا تھا، اب احتجاج کی کال دے کر ایس سی او کو سبوتاژ کرنے کی کوشش میں مصروف ہے، قومی اہمیت کے ایونٹ کے موقع پر احتجاج مثبت پیغام نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اہم مواقع پر احتجاج ایک سیاسی جماعت کا وتیرہ ہے، انہیں اپنی غلطی درست کرنی چاہیے۔