Time 14 اکتوبر ، 2024
پاکستان

حکومت نے کل کا احتجاج مؤخر کرنے کیلئے پی ٹی آئی کی شرط مان لی، ڈاکٹرز کل عمران کا معائنہ کریں گے

حکومت نے کل کا احتجاج مؤخر کرنے کیلئے تحریک انصاف کی شرط مان لی۔

ذرائع کے مطابق حکومت بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے کیلئے تیار ہے اور ڈاکٹرز کل صبح اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پمز اسپتال کے ڈاکٹرز کل صبح اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کریں گے۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے پی ٹی آئی قیادت کو حکومت کے فیصلے سے آگاہ کردیا۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے بانی پی ٹی آئی سے ذاتی معالج کو ملنے کی اجازت دے دی، بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج بھی کل صبح اڈیالہ جیل میں ان کا طبی معائنہ کریں گے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس آج رات طلب کرلیا گیا اور پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت شریک ہو گی۔ ذرائع نے بتایاکہ اجلاس میں 15 اکتوبر کے احتجاج سے متعلق مشاورت کی جائے گی۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر 15 اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔ تحریک انصاف نے شرط لگا رکھی ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے  تو 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج ملتوی کردیں گے۔

مزید خبریں :