17 اکتوبر ، 2024
پاکستان نے آئندہ سال چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنی ہے اور اس حوالے سے بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ ایونٹ میں بھارت کے تین پول میچز دو وینیوز پر رکھنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی براڈ کاسٹرز جو بھارتی بورڈ کے بھی براڈ کاسٹر ہیں ان کی تجویز ہے کہ دو وینیوز پر میچز ہونے سے براڈ کاسٹ اور ایونٹ ویلیو میں اضافہ ہوگا، بھارت کے میچز ایک وینیو پر رکھنے سے اچھا تاثر نہیں جائے گا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو دو وینیوز پر میچز رکھنے پر کوئی اعتراض نہیں اور پی سی بی نے اس تجویز کو سامنے رکھتے ہوئے راولپنڈی کا وینیو دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کے لیے ایک وینیو لاہور تجویز کیا تھا مگر براڈ کاسٹر نے ایک اور وینیو کو شامل کرنے کی تجویز دی ہے، ایک وینیو بھارتی ٹیم کی زیادہ ٹریولنگ نہ ہونے کی وجہ سے تجویز کیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ مجوزہ شیڈول میں بھارت کے تین میچز لاہور میں شیڈول تھے اور مجوزہ شیڈول میں 20 فروری کو بنگلا دیش اور 23 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ تجویز ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج ٹاکرا یکم مارچ کو تجویز کیا گیا ہے جب کہ پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کو گروپ اے میں تجویز کیا گیا ہے۔