Time 18 اکتوبر ، 2024
پاکستان

پنجاب حکومت کا آج تمام سرکاری ونجی تعلیمی ادارے بند رکھنےکا اعلان

پنجاب  حکومت نے صوبے میں آج  تمام سرکاری ونجی  اسکول ،کالجز  اور  جامعات میں چھٹی کا اعلان کردیا۔

ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے آج تمام سرکاری ونجی کالجز اور جامعات میں چھٹی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے بھی صوبے میں آج تمام سرکاری و نجی اسکول  بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جمعہ 18 اکتوبر کو اسکول بند  رکھنےکا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

 انٹرمیڈیٹ کے پرچے ملتوی 

انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور نےآج جمعےکو  ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے پرچے ملتوی کردیے۔

ترجمان لاہور بورڈ کے مطابق  ملتوی ہونے والے پرچوں میں فزکس، آؤٹ لائن آف ہوم اکنامکس شامل ہیں، کل ہونے والے جیوگرافی،ایگریکلچر اور نرسنگ کا پیپر بھی ملتوی کردیاگیا۔

ترجمان کا کہنا ہےکہ ملتوی امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائےگا۔

 صوبے بھر میں 2 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ

حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں 2  دن کے لیے  دفعہ 144 بھی نافذکردی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 جمعہ 18 اکتوبر  سے ہفتہ 19 اکتوبر تک نافذ  رہےگی۔ صوبے میں ہر قسم کے احتجاج، جلوس جیسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144کے نفاذ کا فیصلہ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیےکیا گیا ہے۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق تعلیمی اداروں میں چھٹی کا فیصلہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سفارش پر کیا گیا، چھٹی کا فیصلہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ  دفعہ 144 کے تناظر میں احتجاج اور  ہنگامے سےطلبہ کامستقبل داؤ پر لگنے کا اندیشہ ہے،کسی قسم کا احتجاج، سرکاری و نجی تنصیبات  پر حملے ہرگز برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

مزید خبریں :