Time 17 اکتوبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

جلد دولہےکا چہرہ سامنے لے آؤں گی: وینا ملک

جلد دولہےکا چہرہ سامنے لے آؤں گی:  وینا ملک
وینا ملک نے سال 2013 میں بزنس مین اسد بشیر خٹک سے دبئی میں شادی کی تھی،فوٹو: فائل

پاکستانی ماڈل و اداکارہ وینا ملک نے گو کہ اپنی زندگی میں آنے والے مسٹری مین سے متعلق راز فاش کردیے ہیں لیکن اب ان کی شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرتی ایک خبر نے پھر ان کے مداحوں اور عوام کا تجسس بڑھا دیا ہے۔


کیا وینا ملک واقعی شادی کرنے والی ہیں؟

جیو ڈیجیٹل نے اس معاملے پر جب اداکارہ و ماڈل سے خصوصی گفتگو کی تو انہوں نے کہا کہ زندگی میں آنے والی اس اہم تبدیلی کو سب کے سامنے رکھا ہے تو جب شادی کی تاریخ فائنل کروں گی تو بھی سب کو بتاؤں گی، بلکہ دولہے کا چہرہ بھی دکھاؤں گی۔ انہوں نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کو شہریار چوہدری کا چہرہ دیکھنے کا اشتیاق ہے ان کی خواہش شادی والے دن پوری ہوجائےگی۔

ماضی پر بات کرتے ہوئے وینا نے کہا کہ میں نے بہت کم عمری میں کیریئر کا آغاز کیا تھا، اور پھر جلد ہی شادی کا فیصلہ کرلیا، اس جلد بازی کو زندگی کی سب سے بڑی غلطی سمجھتی ہوں اور  اب یہ غلطی دوبارہ دہرانے نہیں والی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریار انہیں پسند کرتے تھے لیکن انہوں نے دل کی بات دل میں ہی رکھی، دوسری طرف میں کیریئر میں اور زندگی میں مصروف تھی، اس دوران چھ سال پڑھائی بھی کی، بی ایس سی اور ماسٹرز مکمل کیا لیکن شادی کرنے یا گھر بسانے کا میرا کوئی ارادہ نہیں تھا، یہ سب بہت اچانک ہوا اور یقین جانیں میں ابھی ان تمام احساسات کو محسوس کرنے میں خوش ہوں ، جہاں تک بچوں کی بات ہے تو وہ اب سمجھدار ہیں۔

وینا ملک نے سال 2013 میں بزنس مین اسد بشیر خٹک سے دبئی میں شادی کی تھی جن سے ان کے دو بچے بھی ہیں، البتہ یہ شادی تین سال بعد ختم ہوگئی تھی۔ جس کی وجہ وینا کی جانب سے ایک دوسرے سے مطابقت نہ ہونا بتائی گئی تھی۔

اپنے نئے پارٹنر کے بارے میں بات کرتے ہوئے وینا نے بتایا کہ شہریار چوہدری اسلام آباد کے اعلیٰ خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، ان کا گاڑیوں اور پراپرٹیز کا کاروبار ہے۔ ہماری ابتدائی کچھ عام ملاقاتیں اسلام آباد میں ہی ہوئیں کیونکہ میرا تعلق بھی اسلام آباد سے ہی ہے، ان مختصر ملاقاتوں میں شہریار کو ایک خوبصورت انسان پایا، وہ تعلیم یافتہ، خوبرو ہونے کے ساتھ ساتھ حافظ قرآن بھی ہیں  اور یہ ہی خوبی ان کی دل کو بھا گئی۔

وینا کا کہنا تھا کہ وہ ایک ایسا ہی جیون ساتھی چاہتی تھیں جو دینی و دنیاوی اعتبار سے ان سے جوڑ  رکھتا ہو ۔

واضح رہے کہ شہریار چوہدری ماڈل و اداکارہ سے عمر میں 6 سال چھوٹے ہیں جبکہ وہ سوشل میڈیا پر مختلف کانٹینٹ کے ساتھ اپنے گانے کی ویڈیوز وغیرہ بھی شئیرکرتے رہتے ہیں۔۔

مزید خبریں :