فیکٹ چیک: پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے SCO اجلاس میں خطاب کو میوٹ نہیں کیا

16 اکتوبر کو افتتاحی تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کے علاوہ کسی کی بھی تقریر کو براہ راست نشر نہیں کیا گیا

آن لائن صارفین نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن نے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے اجلاس کی افتتاحی تقریب کے دوران بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی تقریرکو جان بوجھ کر mute کر دیا۔

یہ دعویٰ درست نہیں ہے۔

دعویٰ

پاکستان نے رواں ہفتے اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے 23 ویں اجلاس کی میزبانی کی جہاں چین، روس، بھارت اور قازقستان سمیت کئی ممالک کے سربراہان اور وفود موجود تھے۔

16 اکتوبر کو ایک دن بعد جب بھارت کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر دو روزہ اجلاس کے لیے پاکستان پہنچے تو آن لائن دعوے گردش کرنے لگے کہ سرکاری ٹی وی پاکستان ٹیلی ویژن (PTV) نے ان کی تقریر کو افتتاحی تقریب میں نشر نہیں کیا۔

ایک پوسٹ میں 16 اکتوبر کو لکھا گیا، ”پاکستان کے سرکاری ٹی وی نے بھارتی وزیر خارجہ کا خطاب mute کر دیا۔“

بھارتی اکاؤنٹس کی جانب سے بھی یہی دعویٰ کیا گیا کہ وزیر خارجہ کا خطاب سنسر کیا گیا، مزید یہ کہ پاکستان اس بات سے ”خوفزدہ“ ہے کہ جے شنکر کیا کہنا چاہتے ہیں۔

فیکٹ چیک: پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے SCO اجلاس میں خطاب کو میوٹ نہیں کیا

اسی طرح کے دعوے یہاں اور یہاں پڑھے جا سکتے ہیں۔

حقیقت

ان دعوؤں کے برعکس، SCO اجلاس کی افتتاحی تقریب میں جے شنکر کی تقریر کو سرکاری نشریاتی ادارے نے mute نہیں کیا۔ درحقیقت، 16 اکتوبر کو افتتاحی تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی تقریر کے علاوہ کسی بھی دوسرے سربراہان یا وفود کی تقریر کو براہ راست نشر نہیں کیا گیا۔

بھارتی وزیرخارجہ کے لیے کوئی استثنا نہیں بنایا گیا۔

جیو فیکٹ چیک نے PTV کے آفیشل یوٹیوب چینل پر موجود مکمل لائیو اسٹریم کا جائزہ لیا، جسے یہاں دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ واضح طور پر ظاہر کرتا ہے کہ تقریب کا آغاز کرنے والے شہبار شریف کے خطاب کے علاوہ کسی بھی دوسرے سربراہ یا وفد کے خطاب کو نشر نہیں کیا گیا۔

نیز پیشرفت سے واقف عہدیداروں نے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ پروٹوکول کے مطابق عام طور پر اس طرح کی تقریبات میں صرف ابتدائی ریمارکس ہی نشر کیے جاتے ہیں۔

ہمیں X (ٹوئٹر)GeoFactCheck @اور انسٹا گرام@geo_factcheck پر فالو کریں۔اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔