19 اکتوبر ، 2024
مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار نے جس گھر میں شہادت پائی اس کے مالک مکان کی پوسٹ وائرل ہوگئی۔
گزشتہ دنوں یحییٰ سنوار غزہ میں اسرائیلی فوج سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، اسرائیلی فوج نے سنوار کی شہادت سے قبل کے مناظر بھی جاری کیے۔
ان مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زخموں سے چور سنوار ایک گھر میں صوفے پر بیٹھے ہیں اور الٹے ہاتھ سے ڈرون پر چھڑی پھینکتے ہیں۔
بعدازاں اسرائیلی فوج ٹینک سے گولہ باری کرکے گھر تباہ کر دیتی ہے اور یحییٰ سنوار شہید ہوجاتے ہیں۔
حماس کے شہید سربراہ نے جس گھر میں شہادت پائی اس کے مالک نے سوشل میڈیا پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق گھر کے مالک نے اسرائیلی جارحیت سے قبل کی گھر کی تصاویر پوسٹ کیں جن میں وہ صوفہ بھی موجود ہے۔
گھر کے مالک نے لکھاکہ ثابت قدم رہنے والے یحییٰ سنوارنے ہمارا گھر معزز اور قابل فخر بنا دیا ہے اور میں اس اعزاز پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار 16 اکتوبر کو غزہ میں اسرائیلی فوج سے جھڑپ میں دو ساتھیوں سمیت شہید ہوگئے تھے۔