Time 25 اکتوبر ، 2024
کاروبار

پاکستان نے آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر فنڈنگ کی باضابطہ درخواست کردی

پاکستان نے آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر فنڈنگ کی باضابطہ درخواست کردی
فوٹو: وزارت خزانہ/ایکس

پاکستان نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو ایک ارب ڈالر فنڈنگ کیلئے باضابطہ درخواست کردی۔

مغربی خبرایجنسی کو انٹرویو میں وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہم نے آئی ایم ایف کو ایک ارب ڈالر فنڈنگ کی باضابطہ درخواست کردی ہے۔

پاکستان نے آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر فنڈنگ کی باضابطہ درخواست کردی
وزیر خزانہ نے جے پی مورگن بینک کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی— فوٹو: وزارت خزانہ/ایکس

واشنگٹن میں وزیر خزانہ کی مختلف مالیاتی اداروں اور ممالک کے رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیر خزانہ نے جے پی مورگن بینک کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے بعد پاکستان کی اقتصادی صورتحال میں بہتری کا جائزہ پیش کیا۔

وزیرخزانہ نے آئی ایم ایف کے ای ایف ایف پروگرام کی اہمیت پرزوردیتے ہوئے پانڈا بانڈ کے ذریعے عالمی کیپیٹل مارکیٹ میں رسائی کے عزم کا اظہار کیا۔

پاکستان نے آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر فنڈنگ کی باضابطہ درخواست کردی
وزیرخزانہ اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی) کے صد رسے بھی ملے— فوٹو: وزارت خزانہ/ایکس

وزیرخزانہ اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی) کے صد رسے بھی ملے، ملاقات میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں مالی معاونت اور مہمند ڈیم میں آئی ڈی بی اور عرب کو آرڈینیشن گروپ کی سرمایہ کاری کو سراہا۔

امریکا میں موجود وفاقی وزیر خزانہ نے یو ایس پاکستان بزنس کونسل کی قیادت سے بھی ملاقات کی، ملاقات کے دوران انہوں بزنس کونسل کی قیادت اور سرمایہ کاروں کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے فراہم کردہ ون ونڈو سہولت سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔

واضح رہے کہ واشنگٹن میں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کیلئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب وفد کے ہمراہ امریکا میں موجود ہیں۔

مزید خبریں :