25 اکتوبر ، 2024
نمرت کور شادی ختم ہونے پر کیے جانے والے تبصرے پر ابھیشیک بچن کا ردعمل سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
اداکار جوڑی ایشوریا رائے اور ابھیشیک کے درمیان طلاق کی افواہیں ویسے تو دو سالوں سے چل رہی ہیں لیکن رواں برس ان افواہوں نے زور پکڑ لیا، اس کی بڑی وجہ دونوں میاں بیوی کو ایونٹس میں الگ الگ شرکت کرتے دیکھنا تھا۔
پھر دونوں میں سے کسی نے اب تک اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق ہونے والی چہ مگوئیوں پر تبصرہ نہیں کیا۔
اب حال ہی میں ابھیشیک اور نمرت کا ایک پرانا ویڈیو کلپ وائرل ہواجو 2022 کا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میزبان کی کسی بات پر اداکارہ نمرت کور کہتی ہیں کہ 'شادیاں زیادہ عرصہ نہیں چلتیں'۔
ابھیشیک جو کوئی بات کررہے تھے، نمرت کے اس تبصرے پر فوراً رُکے اور کہا 'تھینک یو' جس پر اداکارہ قہقہہ لگاکر ہنس دیں۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ بھارتی میڈیا سوشل میڈیا صارفین ابھیشیک بچن کے نمرت کور کے ساتھ رومانوی تعلقات سے متعلق دعوے کررہے ہیں۔
میزبان کا وائرل کلپ پر ردعمل
2022 میں کیے گئے اس انٹرویو کے میزبان صحافی فریدون شہریار تھے جنہوں نے اب اس وائرل کلپ کی حقیقت بتاتے ہوئے انسٹاگرام پر اسٹوری پوسٹ کی اور وضاحت دی۔
فریدون شہریار نے کہا جس طرح سے اس کلپ کو پیش کیا جارہا ہے یہ ویسا نہیں ہے، دراصل ابھیشیک نے مجھ سے سوال کیا تھا کہ میں کتنے سالوں سے بالی وڈ ہنگامہ کے لیے کام کررہا ہوں؟ جس کے جواب میں، میں نے کہا 15 سال سے۔
فریدون نے کہا میری اس بات پر نمرت نے کہا کہ اب تو شادیاں بھی اتنا عرصہ نہیں چلتیں۔
صحافی نے کہا نمرت کی اس بات کے بعد ابھیشیک نے شکریہ کہا جس کے بعد میں نے یہ بات کہی کہ ایشوریا اور ابھیشیک اپنی 15ویں شادی کی سالگرہ جلد منائیں گے جب کہ وائرل کلپ میں دکھایا گیا کہ شاید میں ان کی شادی کی بات کررہا ہوں۔