25 اکتوبر ، 2024
اسلام آباد: ایمان مزاری ایڈووکیٹ اور ان کے شوہر نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے لیے لگایاگیا روٹ توڑنےکی کوشش کی جس پر ان کی پولیس سے تلخ کلامی ہوئی۔
اسلام آباد پولیس حکام کا بتانا ہے کہ ایمان مزاری اور ان کے شوہر نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے لیے لگایاگیا روٹ توڑنےکی کوشش کی اور روکنے پر مزاحمت کی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ صبح زیرو پوائنٹ کے قریب پیش آیا جب ٹیموں کو اسٹیڈیم پہنچایا جارہا تھا، ایمان مزاری کے شوہر نے پولیس اہلکاروں کو تھپڑ مارے،گالم گلوچ کی اور اہلکاروں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایمان مزاری کے شوہر کا کہنا تھا تم مجھ نہیں روک سکتے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ گیسٹ کے ایس اوپیز کی خلاف ورزی کی گئی، قانون کی خلاف ورزی کی گئی، کارسرکار میں مداخت اور اسٹیٹ گیسٹ کی سکیورٹی کو خطرے میں ڈالا گیا جس پر مقدمہ درج کررہے ہیں۔