Time 26 اکتوبر ، 2024
کھیل

پنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست، پاکستان نے ٹیسٹ سیریز بھی جیت لی

پنڈی ٹیسٹ میں پاکستانی اسپنرز کی شاندار بولنگ کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 112 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 36 رنز کا ہدف ملا جو پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 36 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز پاکستان صائم ایوب اور عبد اللہ شفیق نے کیا لیکن 14 کے مجموعی اسکور پر  صائم ایوب جیک لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، انہوں نے 8 رنز اسکور کیے تھے۔

صائم کے آؤٹ ہونے کے بعد شان مسعود وکٹ پر آئے اور آتے ساتھ ہی 3 گیندوں پر 3 چوکے لگا دیے اور پھر قومی ٹیم کے کپتان نے چھکا لگا کر ووننگ شارٹ کھیلا، انہوں نے 6 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 23 رنز بنائے۔

پنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست، پاکستان نے ٹیسٹ سیریز بھی جیت لی
پاکستانی کھلاڑی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ فوٹو کرک انفو

سعود شکیل کو پہلی اننگز میں شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ ساجد خان کو شاندار بولنگ پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

نعمان علی نے سیریز میں 20 اور ساجد خان نے 19 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، دونوں نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دو میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ 

پنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست، پاکستان نے ٹیسٹ سیریز بھی جیت لی
فوٹو کرک انفو

پاکستان کی ساڑھے 3 سال بعد ہوم سیریز میں پہلی کامیابی

پاکستان تقریباً ساڑھے 3 سال بعد اپنی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوا، پاکستان نے آخری ہوم ٹیسٹ سیریز جنوری 2021 میں جنوبی افریقا کے خلاف جیتی تھی۔

پاکستان کو 2022 میں آسٹریلیا، انگلینڈ اور 2024 میں بنگلادیش سے گھر میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف اپنی سرزمین پر چوتھی ٹیسٹ سیریز جیتی ہے۔

اس سے قبل 2005 میں پاکستان نے انگلینڈ کو اپنی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی، پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف 8 سال بعد ٹیسٹ سیریز اپنے نام کی۔

یواے ای میں 16-2015 میں تین ٹیسٹ کی سیریز میں پاکستان نے دو صفر سےکامیابی حاصل کی تھی۔

انگلینڈ کی دوسری اننگز

پنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز 24 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی تو جو روٹ 5 اور ہیری بروک 3 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے لیکن نعمان علی نے پہلے 26 کے انفرادی اسکور پر ہیری بروک کو آؤٹ کیا اور پھر کپتان بین اسٹوکس کو بھی 3 رنز پر پویلین بھیج دیا۔

انگلینڈ کی چھٹی وکٹ 75 رنزپرگری اور جیمی اسمتھ 3 رنز بناکر ساجد خان کی گیندپر آؤٹ ہوئے،  انگلینڈ کی ساتویں وکٹ 85 رنزپر گری اور نعمان علی نے جو روٹ کو 33 پر چلتا کیا۔ 

گس ایٹکنسن 97 کے مجموعے پر ساجد خان کا شکار بنے جبکہ انگلینڈ کی نویں وکٹ 106 رنز پر گری، ریحان احمد 7 رنز بناکر ساجد خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جیک لیچ تھے جو 10 رنز بنا کر نعمان علی کا شکار بنے۔

پنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست، پاکستان نے ٹیسٹ سیریز بھی جیت لی
فوٹو کرک انفو

یاد رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 267 رنز اسکور کیے تھے جس کے جواب میں پاکستان نے پہلی اننگز میں 344 رنز بنا کر 77 رنز کی سبقت حاصل کی تھی۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے، پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے پاکستان نے انگلینڈ کو 156 رنز سے شکست دی تھی۔

مزید خبریں :