26 اکتوبر ، 2024
پاکستانی اداکارہ مدیحہ امام نے بھارتی شہری سے شادی کرنے پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
اداکارہ مدیحہ امام نے اداکار فیصل قریشی کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے انڈسٹری سمیت اپنی شادی سے متعلق گفتگو کی۔
اداکارہ نے کہا کہ میری شادی پر مجھے بہت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، میرے شوہر کا تعلق انڈیا سے ہے تو لوگوں نے میرے شوہر کو ہندو مذہب سے جوڑ دیا اور لوگوں کو لگتا ہے کہ اس ملک میں صرف ایک ہی مذہب کے لوگ رہتے ہیں۔
مدیحہ امام کا کہنا تھاکہ کیا ہمارے ملک میں ایک ہی مذہب ہے؟ میرے نکاح کا مذاق اڑایا گیا، میں نے لوگوں کی غلط فہمیاں دور کرنے کیلئے سوشل میڈیا پر نکاح نامے کی تصویر لگائی تو اس پر مجھے ذلیل کیا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھ سے غلطی ہوگئی، میں نے اپنے نکاح کی تصویر دکھا کر لوگوں کو سچ بتانے کی کوشش کی، سوشل میڈیا پر مجھے زیادہ تر کمنٹس برے ہی ملتے تھے، جس پر میں سوچتی تھی میں نے ایسا کیا کیا ہے؟ یہ غلط بات ہے کسی کی شکل کا مذاق بنایا جائے، نکاح جیسے پاک رشتے کا مذاق اڑایا جائے، میں نے لوگوں کو سمجھانے کی بہت کوشش کی، اس کے بعد میں نے توجہ دینا چھوڑ دی۔