Time 28 اکتوبر ، 2024
پاکستان

آئینی ترمیم ستائیسویں ہو یا اٹھائیسویں ہم مخالفت میں کھڑے ہوں گے: پی ٹی آئی رہنما

آئینی ترمیم ستائیسویں ہو یا اٹھائیسویں ہم مخالفت میں کھڑے ہوں گے: پی ٹی آئی رہنما
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ستائیسویں آئینی ترمیم ہو یا اٹھائیسویں ہم مخالفت میں کھڑے ہوں گے۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی لیگل کمیٹی کے سربراہ سلمان اکرم راجا ہیں، وہ کسے لیگل ٹیم میں رکھتے ہیں، کس کو نہیں رکھتے، اس پر کسی کو کیا اعتراض ہے؟

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ فیصل چوہدری قابل احترام ہیں مگر انہیں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے کسی کیس میں وکیل نہیں رکھا گیا۔

انکا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کہہ چکے ہیں کہ ان کے خاندان سے کوئی بھی سیاست میں شامل نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ملاقات میں 27 ویں آئینی ترمیم لانے کیلئے اتفاق کی خبر سامنے آئی تھی۔

بعد ازاں وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے پروگرام نیا پاکستان ہی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ 27 ویں ترمیم میں جو کچھ ہوگا متفقہ طور پر ہوگا تاہم انہوں وزیراعظم اور چیئرمین پیپلز پارٹی کی ملاقات میں 27 ویں ترمیم سے متعلق اتفاق رائے سے متعلق خبروں کو مسترد کردیا تھا۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ میں شہباز شریف اور بلاول کی ملاقات میں موجود تھا، میٹنگ میں 27ویں ترمیم پر اتفاق جیسی کوئی بات نہیں ہوئی، میٹنگ میں مختلف نوعیت کے معاملات زیر غور آئے۔

مزید خبریں :