29 اکتوبر ، 2024
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہم نے گیری کرسٹن سے معاہدہ نہیں توڑا بلکہ انہوں نے ختم کیا۔
کراچی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں محسن نقوی کا کہنا تھاکہ 15 دسمبر تک اسٹیڈیم کا کام مکمل ہوجائے گا اور بھارت کے معاملے میں اللہ بہتر کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ کسی کھلاڑی کی سلیکشن میں دخل اندازی نہیں کرتا اور ہم نے گیری کرسٹن سے معاہدہ نہیں توڑا بلکہ انہوں نے ختم کیا۔
ان کا کہنا تھاکہ عاقب جاوید کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا،5 سے 7 لوگوں سے کوچنگ کے حوالے سے بات چل رہی ہے، ہمارے پاس کئی عہدے خالی ہیں ان پر بندے رکھنے ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھاکہ فخر زمان ٹیم میں ہوگا یا نہیں یہ سلیکشن کمیٹی بتائے گی، کسی کھلاڑی کا نہیں کہا کہ اس کو رکھے اس کو نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے دعا کریں، انشااللہ ٹرافی پاکستان میں ہوگی اور بے فکر رہیں تمام ٹیمیں ٹرافی کھیلنے پاکستان آئیں گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور بورڈ نے ان کا استعفیٰ قبول کرلیا تھا۔
پی سی بی نے جیسن گلیسپی کو دورہ آسٹریلیا کے لیے وائٹ بال کرکٹ ٹیم کا عبوری ہیڈکوچ مقرر کیا ہے۔