30 اکتوبر ، 2024
ایشیاکپ اور ورلڈکپ میں ویمن ٹیم کی مایوس کن کارکردگی اور اختیارات میں کمی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ویمن ونگ کی سربراہ تانیہ ملک نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جبکہ پاکستان سپر لیگ کے ڈائریکٹر صہیب شیخ نے بھی راہیں جدا کرلیں۔
پاکستان ویمن ونگ کی سربراہ تانیہ ملک نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور پی سی بی نے ان کے استعفے کی تصدیق کردی۔
تانیہ ملک 2021 سے بحیثیت سربراہ ویمن ونگ فرائض سر انجام دے رہی تھیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اختیارات میں کمی اور پھر ویمن ٹیم کی پے در پے شکست ان کے استعفے کا سبب بنی۔
دوسری جانب پاکستان سپر لیگ کے ڈائریکٹر صہیب شیخ نے بھی پی سی بی سے راہیں جدا کرلی۔ صہیب شیخ 2016 سے 2019 پی سی بی سے منسلک رہے اور 13 ماہ قبل انہوں نے دوبارہ پی سی بی جوائن کیا تھا۔