Time 30 اکتوبر ، 2024
پاکستان

فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملے میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی شروع کردی: پاکستانی ہائی کمشنر

برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملے کی مذمت کی ہے اور کارروائی کا اعلان کیا۔

پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ جو ہوا وہ انتہائی افسوسناک ہے، ملوث افراد کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان حملے میں ملوث افراد کے خلاف جو کارروائی کرنے کا کہے گی وہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ پاکستان سے آئی شخصیات کے ساتھ بد تمیزی کے واقعات قابل مذمت ہیں، ہر موقع پر گڑبڑ کرنے والے یہ ایک درجن افراد پاکستانی عوام کے نمائندہ نہیں۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملے کا مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اسکاٹ لینڈ یارڈ میں 9 مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے گا، حملے کے دوران پاکستان ہائی کمیشن کی گاڑی کوبھی نقصان پہنچا۔

دوسری جانب برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے بھی قاضی فائز عیسی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی مذمت کی ہے۔ 

افضل خان نے کہاکہ جمہوری معاشرے میں احتجاج کرنے کا مطلب اس طرح کسی کو ہراساں کرنا نہیں ہوتا۔ یاسمین قریشی نے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ بدتمیزی افسوسناک ہے، مظاہرے تمیز کی حد میں ہونے چاہیے۔

خیال رہے کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو مڈل ٹیمپل کا بینچر بنانے کی تقریب کے موقع پر پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا، ملیکہ بخاری، ذلفی بخاری،اظہرمشوانی ویگر نے مظاہرین سےخطاب کیا تھا۔

تقریب سے باہر نکلتے ہوئے پی ٹی آئی کارکنوں نے ان کی گاڑی پر حملہ کیا اور مکے برساتے رہے۔ 

مزید خبریں :