31 اکتوبر ، 2024
سکھ مذہب کے سیکڑوں سال پرانے مذہبی لٹریچر کو ’گُر مکھی ادب دا خزانہ‘ کے نام سے ایک کتاب کی صورت میں محفوظ کرلیا گیا۔
اس کاوش کو بین الاقوامی سطح پر روشناس کرانے کیلئے کیلی فورنیا کے سکھ تاجروں اور صنعت کاروں کو خصوصی طور پر پنجاب پبلک لائبریری میں مدعو کیا گیا۔
لاہور کی پنجاب پبلک لائبریری میں "گُر مکھی ادب دا خزانہ" کے نام سے کتاب کی تقریب رونمائی بھی کی گئی۔
کتاب کی تقریب رونمائی میں مذہبی لٹریچر کو کتاب کی شکل میں ترتیب دینے والے دلویر سنگھ پنوں، مقامی سکھ قائدین کے علاوہ معروف صنعتکار، پاکستان فرنیچر کونسل کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق اور ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری نے شریک ہوئے۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے کتاب کے مصنف دلویر سنگھ پنوں نے کہا کہ "گُر مکھی ادب دا خزانہ" نامی یہ کتاب 5 سال میں ترتیب دی گئی ہے، اس کام میں پنجاب پبلک لائبریری اور معروف سکھ ریسرچرز کی ٹیم نے حصہ لیا۔
تقریب میں شرکت کے بعد کیلی فورنیا کی بزنس کمیونٹی نے رائے ونڈ میں کینسر کیئر اسپتال کا دورہ کیا اور گلبرگ کے ایک اسٹور سے پاکستانی اشیا کی خریداری بھی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے جبکہ یہاں کے لوگ بہت مہمان نواز ہیں۔