31 اکتوبر ، 2024
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نےکہا ہےکہ اس دفعہ ہم فیصلہ کن جنگ کے لیے نکلیں گے، اب انقلاب کا وقت بہت جلد آئےگا، اس بارکفن باندھ کر نکلیں گے۔
پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے، صوبے میں بہت جلد سرمایہ کاری بحال کریں گے۔ صوبے کے وسائل بڑھانے کے لیے اقدامات کریں گے۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ صوبے کی خودمختاری ضروری ہے، ہم نے اپنے فیصلے خود کرنے ہیں، پاکستان میں آئین کی پاسداری اور قانون کی عمل داری چاہتے ہیں، ہماری یہ جنگ جاری ہے اور جاری رہےگی، یہ جنگ ہم جیتیں گے، کیونکہ یہ ہماری ذاتی جنگ نہیں یہ عوام کی جنگ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر چیز کا وقت مقرر ہے، فیصلہ کن جنگ کا وقت قریب ہے، اس دفعہ ہم فیصلہ کن جنگ کے لیے نکلیں گے، اگر ہم واپس نہ آئے تو ہمارے جنازے پڑھ لینا۔ ہمارے اندر جو خون ہے وہ سرخ ہے، سرخ رنگ کا مطلب ہے کہ اب انقلاب کا وقت بہت جلد آئے گا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا یہ بھی کہنا تھا کہ طلبا ہمارے ملک کا حصہ ہیں، ہم طلبا یونین بحال کریں گے۔