01 نومبر ، 2024
چین میں ایک 31 سالہ شخص کو بہت زیادہ سراہا جا رہا ہے کیونکہ وہ اپنی معذور ماں کو کمر پر لاد کر ملک بھر کا سفر کر رہا ہے۔
شیاؤ ما نامی یہ شخص 8 سال کا تھا جب اس کے والدین کی گاڑی کا حادثہ ہوا جس کے نتیجے میں اس کے والد انتقال کرگئے جبکہ ماں معذور ہو گئی۔
وہ اور اس کی بڑی بہن اپنا اور اپنی ماں کا خیال رکھنے پر مجبور ہو گئے۔
بچپن سے جوانی کے سفر کے دوران شیاؤ ما نے کھیتوں سے کپاس چننے اور دیگر چھوٹی چھوٹی ملازمتیں کیں اور پھر Xinjiang میں اپنا ہوٹل کھولا۔
اس کی آمدنی کا زیادہ تر حصہ ماں کے علاج پر خرچ ہوتا تھا اور اس کی سخت محنت کا فائدہ بھی ہوا کیونکہ وہ خاتون بستر سے اٹھنے کے قابل ہوگئیں۔
مگر چند سال قبل شیاؤ ما کو معلوم ہوا کہ ماں کا مرض قابل علاج نہیں بلکہ وہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔
اس کے بعد شیاؤ ما نے اپنا زیادہ تر وقت ماں کے ساتھ گزارنے کا فیصلہ کیا اور کاروبار پر توجہ مرکوز کرنے کی بجائے اپنا گھر اور گاڑی کو فروخت کرکے ماں کو چین گھمانے کے لیے نکل گیا۔
شیاؤ ما کی خواہش تھی کہ وہ اپنا زیادہ سے زیادہ وقت ماں کے ساتھ گزارے اور اس کی ماں زندگی کے باقی ماندہ لمحات سے لطف اندوز ہوسکے۔
اس کی ماں بولنے کے قابل نہیں رہی تھی مگر سفر کے دوران ہمیشہ مسکراتی رہتی ہے جو اس کے بیٹے کے لیے سب سے بڑا انعام ہے۔
شیاؤ ما نے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران بتایا کہ 'میری ماں مجھے اس وقت ہر جگہ لے جاتی تھی جب میں بچہ تھا اور اب میں انہیں ہر جگہ لے جا رہا ہوں'۔
31 سالہ شخص کی ماں کو کمر پر لاد کر تیان من اسکوائر پر لے جانے کی تصاویر چینی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ 'میرا گھر وہی ہے جہاں میری ماں موجود ہے، میں اس پچھتاوے کے ساتھ زندگی نہیں گزارنا چاہتا کہ میری ماں نے اپنا آخری وقت بستر تک محدود رہ کر گزارا'۔