Time 03 نومبر ، 2024
پاکستان

لندن میں فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملہ، وزارت خارجہ نے ہائی کمیشن کو قانونی کارروائی کی ہدایت کردی

پاکستانی وزارت  خارجہ  نے لندن میں سابق چیف جسٹس  قاضی فائز عیسیٰ اور  ان کی اہلیہ کو ہراساں کرنے کے معاملے پر لندن ہائی کمیشن کو قانونی کارروائی کی ہدایات جاری کردیں۔

ذرائع کے مطابق وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے  وزارت خارجہ کو تمام ملوث افراد کےخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع  وزرات خارجہ کے مطابق  ملزمان کو قرار  واقعی سزا  دلوانے کے لیے قانونی راستہ اختیار کیا جائےگا۔

خیال رہےکہ گزشتہ دنوں سابق چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو مڈل ٹیمپل کا بینچر بنانے کی تقریب کے موقع پر پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا، ملیکہ بخاری، ذلفی بخاری،اظہرمشوانی ویگر نے مظاہرین سےخطاب کیا تھا۔

تقریب سے باہر نکلتے ہوئے پی ٹی آئی کارکنوں نے ان کی گاڑی پر حملہ کیا اور مکے برساتے رہے۔

دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی نے نے حملہ آوروں کے پاسپورٹ منسوخی کا اعلان کیا ہے۔

واقعے کے بعد  وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا کو حملہ آوروں کی شناخت کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا  کہ فوٹیجز کے ذریعے حملہ آوروں کی نشاندہی کی جائے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، ان کے خلاف پاکستان میں ایف آئی آر درج کرکے مزید کارروائی کی جائے گی اور ان کے شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ منسوخ کیے جائیں گے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا جنہوں نے حملہ کیا ان کی شہریت فوری منسوخ کرنے کی کارروائی ہو گی، شہریت منسوخی کا کیس منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو بھیجا جائے گا، کسی کو بھی ایسے حملے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

مزید خبریں :