04 نومبر ، 2024
کراچی میں جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت شہر میں تین مقامات پر بنو قابل ایپٹیٹیوٹ ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا۔
کراچی کے فیڈرل بی ایریا میں سنگم گراؤنڈ، ریلوے گراؤنڈ آئی آئی چندریگر روڈ اور گلشن معمار کے عیدگاہ گراؤنڈ میں طلبہ و طالبات کو ویب ڈیولپمنٹ اور ویب ڈیزائننگ سمیت آئی ٹی کے مختلف کورسز کروانے کیلئے ایپٹیٹیوٹ ٹیسٹ لیا گیا۔
اس موقع پر ٹیسٹ کے شرکا سےخطاب میں جماعت اسلامی کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا کرکے قوم کو مایوس کیا جا رہا ہے، ملک کو قبضہ مافیا سے آزاد کروائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جتنی محنت ہمارا نوجوان ملک سے باہر کرتا ہے اس کی آدھی محنت پاکستان میں کریں ملک آگے بڑھے گا۔ حافظ نعیم نے لاہور میں بھی بنوقابل پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا۔
شرکا سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم اور کھیلوں کی سرگرمیاں مفت فراہمی کی ذمہ داری حکومت کی ہوتی ہے ہم حکمرانوں کو بھی مجبور کریں گے اور اپنا کردار بھی ادا کریں گے۔
تقریب سے چیف ایگزیکٹوالخدمت کراچی نوید علی بیگ سمیت جماعت اسلامی کے دیگر ذمہ داران نے بھی خطاب کیا۔