Time 04 نومبر ، 2024
دنیا

ووٹ دو، کپڑے دھو: امریکی صدارتی انتخابات کیلئے منفرد پولنگ اسٹیشنز بن گئے

ووٹ دو، کپڑے دھو: امریکی صدارتی انتخابات کیلئے منفرد پولنگ اسٹیشنز بن گئے
فوٹو: فائل

امریکا میں کل صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ ہوگی جس میں حصہ لینے کے لیے تقریباً 16 کروڑ افراد اہل ہیں۔

 امریکا میں قبل از وقت ووٹنگ اور ڈاک کے ذریعے ووٹ کاسٹ کرنے کی سہولت موجود ہے اور کچھ اندازوں کے مطابق ان انتخابات میں کم و بیش نصف ووٹر اس سہولت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں تاہم ووٹرز کی ایک بڑی تعداد الیکشن کے روز ہی اپنا ووٹ کاسٹ کرے گی۔

امریکی صدارتی انتخابات میں جہاں بہت کچھ غیر معمولی ہوتا ہے وہیں پولنگ اسٹیشنز بھی بعض اوقات غیر معمولی مقامات پر بنائے جاتے ہیں۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے کل ہونے والے انتخابات کے لیے بنائے گئے ایسے ہی کچھ پولنگ اسٹیشنز کی فہرست شائع کی ہے۔

 کپڑے دھوئیں اور ووٹ کاسٹ کریں

ووٹ دو، کپڑے دھو: امریکی صدارتی انتخابات کیلئے منفرد پولنگ اسٹیشنز بن گئے
فوٹو: فائل

شکاگو کے علاقے شکاگو لان میں کوئی سرکاری عمارت موجود نہیں ہے کہ جہاں پولنگ اسٹیشن بنایا جائے۔

اس حوالے سے ایک مقامی لانڈری مدد کررہی ہے جہاں واشرز اور ڈرائرز کے درمیان پولنگ بوتھ بنائے جائیں گے، اس طرح لوگ اپنے کپڑے بھی دھو سکیں گے اور ووٹ بھی ڈال سکیں گے۔

یہ فیصلہ کاروبار کے لیے بھی مفید ہے، لانڈری کے منیجر کا کہنا ہے کہ یہاں پولنگ اسٹیشن بنانے سے ہمارے کاروبار میں بھی اضافہ ہوا ہے، بس کبھی کبھی مشکل ہوجاتی ہے جب لوگ ووٹر آئی ڈی طلب کرنے پر عادتاً اپنا لانڈری کارڈ دکھا دیتے ہیں۔

کافی، کروساں اور ووٹ

ووٹ دو، کپڑے دھو: امریکی صدارتی انتخابات کیلئے منفرد پولنگ اسٹیشنز بن گئے
فوٹو: فائل

سان فرانسسکو کے معروف فرنچ کیفے اور بیکری نے 2020 کے انتخابات میں کیفے کا کچھ حصہ پولنگ اسٹیشن کے لیے وقف کرنے کا فیصلہ کیا اور اس کے بعد سے یہاں مختلف سطحوں کے 3 انتخابات کے لیے پولنگ ہوچکی ہے۔

 کیفے کی منیجر کا کہنا ہے کہ اب ہمیں معلوم ہوگیا ہے کہ ووٹرز کو  آلمنڈ کروساں بہت پسند ہیں اور اس مرتبہ پہلے سے انہیں کافی تعداد میں تیار کرکے رکھیں گے۔

فلائٹ اسکول یا پولنگ اسٹیشن؟

ووٹ دو، کپڑے دھو: امریکی صدارتی انتخابات کیلئے منفرد پولنگ اسٹیشنز بن گئے
فوٹو: اے آئی

انڈریو روبلارڈ کیلیفورنیا میں ایک فضائی کمپنی چلاتے ہیں جہاں چھوٹے طیاروں کو آپریٹ کیا جاتا ہے۔

کل ہونے والے صدارتی انتخابات میں یہاں بھی پولنگ اسٹیشن بنایا جائے گا۔ مقامی ووٹرز کمپنی کے ٹرمینل پر اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے اور اس کے بعد انہیں ائیرپورٹ کا دورہ بھی کروایا جائے گا جس کے بعد وہ چاہیں تو فلائٹ اسکول میں داخلہ بھی لے سکیں گے۔

گیم کھیلیں، ووٹ ڈالیں

ووٹ دو، کپڑے دھو: امریکی صدارتی انتخابات کیلئے منفرد پولنگ اسٹیشنز بن گئے
فوٹو: فائل

امریکی ریاست آیووا کے ایک معروف گیمنگ کلب میں لوگ گیم مشینز میں ٹوکن ڈالتے ہیں لیکن کل وہ اپنا بیلٹ کاسٹ کررہے ہوں گے۔

یہاں پر 24 بالنگ لینز، ایک آرکیڈ اور ایک چھوٹا گالف کلب بھی موجود ہے اور یہاں گزشتہ 8 برسوں سے انتخابات کے لیے پولنگ اسٹیشن بن رہا ہے۔

گیمنگ کلب کی منیجر کا کہنا ہے کہ اکثر والدین جو ووٹ کاسٹ کرنے آتے ہیں وہ اپنے بچوں کو مصروف رکھنے کے لیے انہیں کسی گیم کا ٹکٹ خرید کر دے دیتے ہیں۔

مزید خبریں :