05 نومبر ، 2024
قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ اور قومی اسمبلی سے منظور 6 بلز پر دستخط کر دیے جس کے ساتھ ہی تمام بلز قانون بن گئے۔
ذرائع کے مطابق قائم مقام صدر مملکت نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل، نیوی ایکٹ ترمیمی بل، ائیر فورس ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط کر دیے۔
قائم مقام صدر مملکت نے پریکٹس اینڈ پروسیجر بل پر دستخط کر دیے۔ قائم مقام صدر مملکت نے سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی تعداد میں اضافے کے بلز پر دستخط کیے۔ قائم مقام صدر کے دستخط کے بعد تمام چھ بلز قانون بن گئے۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی نے آرمی ایکٹ اور ججز ایکٹ میں ترمیم کے بل منظور کرلیے، آرمی، نیول اور ائیر فورس ایکٹ میں ترمیم کے مطابق سروسز چیفس کے عہدے کی مدت اب تین سے بڑھ کر پانچ سال کردی گئی۔
قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 34 کرنے اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی تعداد 9 سے 12 کرنے کا بل کثرت رائے سے منظور کیا۔
قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ نے بھی یہ بلز منظور کرلیے تھے۔