Time 05 نومبر ، 2024
دلچسپ و عجیب

وہ خوبصورت سیاحتی مقام جہاں کی 'تازہ ہوا' کے کین سیاحوں کو فروخت کیلئے پیش کر دیے گئے

وہ خوبصورت سیاحتی مقام جہاں کی تازہ ہوا کے کین سیاحوں کو فروخت کیلئے پیش کر دیے گئے
یہاں کی تازہ ہوا چند ہزار روپے میں آپ خرید سکتے ہیں / اے ایف پی فوٹو

ویسے تو ہوا وہ چیز ہے جو ہمیں سانس لینے کے لیے دنیا کے ہر حصے میں مفت دستیاب ہے۔

مگر ایک خوبصورت سیاحتی مقام ایسا ہے جہاں کی فضا کی تازہ ہوا کو آپ سیاحت کی نشانی کے طور پر اپنے گھر لے جا سکتے ہیں۔

جی ہاں واقعی اٹلی کی خوبصورت جھیل کومو کی تازہ ہوا پر مبنی کین (can) فروخت کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔

جھیل کومو کی تازہ ہوا کا ایک کین 9.90 یورو (لگ بھگ 3 ہزار پاکستانی روپے) میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

ایک اطالوی کمپنی ItalyComunica کی جانب سے یہ منفرد سیاحتی یادگار متعارف کرائی گئی ہے۔

کمپنی کے مطابق ہر کین میں کومو جھیل کی 400 ملی لیٹر '100 فیصد مستند ہوا' موجود ہوگی۔

وہ خوبصورت سیاحتی مقام جہاں کی تازہ ہوا کے کین سیاحوں کو فروخت کیلئے پیش کر دیے گئے
اٹلی کی کومو جھیل / اے ایف پی فوٹو

اٹلی کے خطے Lombardy میں واقع اس جھیل کو دیکھنے کے لیے ہر سال لاکھوں افراد آتے ہیں۔

کمپنی نے بتایا کہ اس یادگاری تحفے کا مقصد سیاحوں کو ان کی یادوں کو متحرک کرنا ہے جو آپ کے دل کے قریب ہوں گی۔

البتہ کومو کے میئر Alessandro Rapinese اس خیال سے زیادہ متاثر نہیں مگر اس کے مخالف بھی نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ ایک منفرد خیال ہے مگر ہر ایک کے لیے نہیں، مگر کوئی وہاں کی تازہ ہوا اپنے ساتھ گھر لے جانا چاہتا ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں۔

ویسے یہ اٹلی کا پہلا سیاحتی مقام نہیں جہاں تازہ ہوا کا کین فروخت کیا جا رہا ہے، دیگر مقامات جیسے نیپلز میں اس طرح کے کین کافی عرصے سے فروخت کیے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں :