05 نومبر ، 2024
پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد رکن قومی اسمبلی اورنگزیب کھچی نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت نے ہمارا سودا کیا، میں نے تو پارٹی میں فارورڈ بلاک بننے سے روکا ہے۔
تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد رکن قومی اسمبلی اورنگزیب کھچی نے ایوان میں وضاحت پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہاں کہا گیا کہ میں نے پیسے وصول کیے ہیں، اللہ تعالیٰ مجھے تباہ و برباد کرے اگر میں نے ایک روپیہ بھی لیا ہو۔
انہوں نے بتایاکہ اپوزیشن لیڈر نے کہا ہمارے لوگوں کے ساتھ یہ ہو رہا ہے، ہماری پارٹی کی لیڈرشپ نے ہمارا سودا کیا ہے، یہ مجھے داد دیں اس دن ہماری پارٹی کا فارورڈ بلاک بن رہا تھا جسے میں نے رکوایا۔
اورنگزیب کھچی کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی ایک بہت بڑی جماعت ہے، آنے والے وقت میں پھر ہمارے حلقے کی عوام جو فیصلہ کرے گی ہمیں قبول ہے۔
اورنگزیب کھچی کے خطاب کے دوران پی ٹی آئی ارکان شور شرابا کرتے رہے تاہم ڈپٹی اسپیکر نے شور شرابے کے دوران قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا۔