Time 06 نومبر ، 2024
دنیا

’ہار گیا تو اسے تسلیم کرنے والا پہلا شخص ہوں گا‘ کیا ٹرمپ کو ہار نظر آنے لگی؟

’ہار گیا تو اسے تسلیم کرنے والا پہلا شخص ہوں گا‘ کیا ٹرمپ کو ہار نظر آنے لگی؟
فوٹو: اسکرین گریب

امریکا کی تمام ریاستوں میں صدارتی الیکشن کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے، امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی فلوریڈا میں اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا کے علاقے پام بیچ کے پولنگ اسٹیشن پر ووٹ ڈالا، ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ان کی اہلیہ اور بچے بھی آئے۔

ووٹ ڈالنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ بہت پرُاعتماد محسوس کر رہے ہیں۔  ہم بہت اچھے جا رہے ہیں، تینوں الیکشنز میں یہ والی مہم سب سے بہترین  رہی، ووٹرز کی طویل قطاریں دیکھنا باعث عزت ہے۔

صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اب تک ان کے خیال میں الیکشن منصفانہ ہے، ہار گیا تو اسے تسلیم کرنے والا پہلا شخص ہوں گا۔

دوسری جانب ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کملا ہیرس پہلے ہی بذریعہ ڈاک اپنا ووٹ ڈال چکی ہیں۔

خیال رہے کہ سینتالیسویں امریکی صدر کے انتخاب کیلئے تمام ریاستوں میں پولنگ کا عمل جاری ہے، پانسہ پلٹنے والی ریاستوں پینسلوینیا اور شمالی کیرولائنا پر سب کی نظریں جمی ہوئی ہے۔

پہلی ریاست میں 19  جبکہ دوسری میں 16 الیکٹورل ووٹس کا فیصلہ ہوگا، کسی بھی امیدوار کو جیت کیلئے کم از کم 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہوں گے۔

دو گھنٹے بعد پولنگ ختم ہونے کے سلسلے کی ابتدا ہوگی، 6 مختلف ٹائم زون کے باعث مختلف امریکی ریاستوں میں پولنگ کا اختتام الگ الگ وقت پر ہوگا۔

مزید خبریں :