Time 07 نومبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

برطانوی پارلیمنٹ نے ماہرہ خان کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نواز دیا

 برطانیہ کی پارلیمنٹ نے اداکارہ ماہرہ خان کو فنی اور خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے خدمات پر ایوارڈ سے نواز دیا۔

اداکارہ ماہرہ خان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری اور خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو برطانیہ کی پارلیمنٹ کی جانب سے سراہا گیا ہے اور انہیں پارلیمنٹ میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔

اس حوالے سے اداکارہ نے کہا کہ اپنی تعریف پر خوش ہوتی ہوں لیکن سیلف میڈ کہلانا پسند نہیں، میری کامیابی میں والدین، ٹیچرز، مینٹور، ساتھیوں اور مداحوں کا بڑا کردار ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھاکہ والدین ورکنگ پیرنٹس تھے، والدہ ٹیچر اور والد بینکر تھے جنہوں نے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلانے پر پوری توجہ دی، کالج گئی تو آسان وقت نہیں تھا، دو ملازمت کرتی اور اپنے بل خود ادا کرتی تھی۔

ماہرہ خان نے مزید کہا کہ جب میں کہتی تھی کہ فلم اسٹار بنوں گی تو لوگ مجھ پر ہنستے تھے، انڈسٹری میں کام کرنا آسان نہیں تھا لیکن پھر جدوجہد کے بعد کامیابی بھی ملی، خاندان کی پہلی لڑکی تھی جس نے بیرون ملک اکیلے سفر کیا۔

انڈسٹری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی شو بز انڈسٹری نے گزشتہ چند برسوں میں نمایاں ترقی کی ہے، خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے میری خدمات پر ایوارڈ سے نوازے جانے پر بہت خوش ہوں، ہمارا انتخاب ہوا ہے تو ہمیں اس کے مطابق کام کرنا چاہیے، لڑکیوں کو ان کے خواب پورے کرنے میں مدد کرنی چاہیے۔

برطانوی پارلیمنٹ نے ماہرہ خان کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نواز دیا
فوٹو سوشل میڈیا

ماہرہ کا کہنا تھا کہ لڑکیوں سے برتاؤ سے متعلق والد، شوہر، لڑکوں اور تمام مردوں کو بتانا چاہیے، میرے بھائی نے خاموشی سے میری زندگی کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

اس موقع پر تقریب کے منتظم افضل خان ایم پی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماہرہ خان کی کامیابی دیگر خواتین کیلئے مشعل راہ ہے۔

اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے ایوارڈ کوسوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام کی اسٹوری پر شیئر بھی کیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی اداکارہ نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شکر ادا کیا۔

مزید خبریں :