08 نومبر ، 2024
بانی پی ٹی آئی کے دعوؤں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے کان کچے ہیں، ٹرمپ کے نہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خدا کرے کہ بانی پی ٹی آئی اُس خواب سے نکلیں جو انہوں نے اپنے لیے بُن لیا ہے، اگر اُن کے کان کچے ہیں اور لوگ آ کر اُن کے کان بھر دیتے ہیں تو اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ امریکی صدر بھی کسی کے کان بھرنے سے پالیسی بنائیں گے۔
امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے کہا کہ امریکی صدر کسی اور کے کہنے پر اپنی پالیسی نہیں بناتے۔
سابق سفیر کا کہنا تھا کہ نہ پہلے کبھی لابسٹ تھا، نہ اب ہوں، اگر ہوتا تو اس وقت پی ٹی آئی سے بہت زیادہ پیسے لیکر اُن کو اس کام پر لگایا ہوا ہوتا کہ تمھارا سب کام ہو جائے گا۔