فیکٹ چیک: ڈونلڈ ٹرمپ کے عمران خان کے حق میں بولےگئے الفاظ کی ویڈیو جعلی ہے

جیو فیکٹ چیک نے ریورس سرچ سے پتہ چلایا کہ ڈیپ فیک بنانے کے لیے استعمال ہونے والی اصل ویڈیو 2017 کی ہے

پاکستانی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکا کے نو منتخب صدر  ڈونلڈ ٹرمپ کو  امریکی انتخابات  سے قبل  ایک  انٹرویو کے دوران سابق پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی حمایت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ دعویٰ غلط ہے۔ ویڈیو کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) ٹولز کا استعمال کرتے ہوئے تیار کیا گیا ہے تاکہ ڈونلڈ ٹرمپ کے جیسی آواز کو ان کی تصویر سے ملایا جاسکے۔

دعویٰ

4 نومبر کو ایک TikTok صارف نے 19 سیکنڈ کی ویڈیو شیئر کی جس میں مبینہ طور پر ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو جیل میں قید پاکستانی رہنما عمران خان کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے اور منتخب ہونے کی صورت میں انہیں رہا کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو کلپ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو مبینہ طور پر یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے: ”ہیلو، میرے پاکستانی امریکی دوستو، میں وعدہ کرتا ہوں کہ  اگر میں جیت گیا تو عمران خان کو جلد از جلد جیل سے نکالنے کی پوری کوشش کروں گا،  وہ میرا دوست ہے، میں اس سے پیار کرتا ہوں، میں دوبارہ حکومت سنبھالنے کے لیے اس کی حمایت کروں گا اور ہم اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے، عمران خان زندہ باد۔“

اس پوسٹ کو 54 لاکھ سے زائد بار دیکھا، جب کہ تقریباً 6 لاکھ 25 ہزار مرتبہ لائیک کیا ہے۔ کمنٹس میں بہت سے صارفین کا خیال ہےکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بیانات دیے ہیں۔

اسی طر ح کے دعوے X (سابقہ ٹوئٹر) اور فیس بک پر بھی کیےگئے۔

حقیقت

ایک آزاد تجزیے کے مطابق یہ ویڈیو ڈیپ فیک ہے اور ممکنہ طور پر آن لائن دستیاب آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) ٹولز کے ساتھ بنائی گئی ہے۔

اسلام آباد میں قائم میڈیا کی خواندگی اور ترقی کےلیے کام کرنے والے ایک غیر منافع بخش ادارے میڈیا میٹرز فار ڈیموکریسی (MMfD) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور بانی اسد بیگ نے جیو فیکٹ چیک کی درخواست پر آن لائن ویڈیو کا تجزیہ کیا۔

اسدبیگ نے کہا کہ ”یہ بالکل واضح طور پر فیک ہے، عالمی ماہرین کے اصولوں کی بنیاد پر جن میں (MIT) Massachusetts Institute of Technology کے ماہرین بھی شامل ہیں اس ویڈیو میں جنریٹیو AI ٹولز کے ذریعے تیار ہونے کے واضح ثبوت ہیں۔“

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ نے عوامی طور پر عمران خان کی حمایت کا وعدہ کیا ہوتا، تو یہ ایک اہم سیاسی واقعہ ہوتا جسے امریکی میڈیا نے کور کیا ہوتا، لیکن ایسا نہیں ہوا۔

جیو فیکٹ چیک نےریورس سرچ کے ذریعے پتہ چلایا کہ ڈیپ فیک بنانے کے لیے استعمال کی گئی اصل فوٹیج 11 مئی 2017 کی ہے، جب ڈونلڈ ٹرمپ کا NBC نیوز پر Lester Holt نے انٹرویو کیا تھا۔

جیو فیکٹ چیک نے یہ مکمل انٹرویو دیکھا، لیکن اس میں عمران خان کا کوئی ذکر نہیں ملا۔ اصل انٹرویو یہاں دیکھا جا سکتا ہے۔

ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرام@geo_factcheck پر فالو کریں۔ اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں