10 نومبر ، 2024
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھارت کے پاکستان نہ آکر کھیلنے سے متعلق آگاہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے حکومت پاکستان کے ساتھ رابطہ کیا اور بھارت کے نہ آنے سے متعلق آگاہ کردیا۔
ذرائع نے بتایاکہ حکومت پاکستان کی جانب سے بھارت کے چیمپئنز ٹرافی میں آنے سے انکار پرسخت فیصلے لینے کا امکان ہے اور حکومت غور کر رہی ہے کہ اگربھارت چیمپئنز ٹرافی کیلئے نہیں آئے گا توپاکستان آئندہ کبھی بھارت کے ساتھ کوئی میچ نہیں کھیلے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت غور کر رہی ہے کہ جب تک بھارت کے ساتھ تعلقات بہترنہیں ہوتے تب تک بھارت کیساتھ کسی بھی ٹورنامنٹ میں کوئی میچ نہیں کھیلیں گے، پاکستان کی ٹیم ہمیشہ بھارت بھیجی اچھا تاثر دیا لیکن بھارت ہمیشہ سیاست کو شامل کرتا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایاکہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی پر پیچھے نہیں ہٹے گا، بھارت نہیں آئے گا تو کسی بھی حد تک جائیں گے، اسٹیڈیم بن رہے ہیں سکیورٹی اچھی ہے بھارت کے پاس کوئی جواز نہیں کہ وہ نہ آئے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگربھارت نہیں آئے گا تو ریونیو نقصان ہمیں ہوگا لیکن جب ہم بھارت سے میچ نہیں کھیلیں گے تب نقصان ان کا بھی ہوگا، پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے کسی ماڈل کو قبول نہیں کرے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کرکٹ ویب سائٹ نے دعویٰ کیا تھاکہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگاہ کردیا گیا ہےکہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کے لیے پاکستان نہیں جائےگی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ بی سی سی آئی نے آئی سی سی کو بتایا ہےکہ انہیں بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان ٹیم نہ بھیجنے کو کہا گیا ہے۔
واضح رہےکہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آئندہ سال 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں شیڈول ہے جس میں 8 ٹیموں نے شرکت کرنا ہے۔