,
Time 11 نومبر ، 2024
پاکستان

اسموگ کے پیش نظر پنجاب کے مختلف شہروں میں آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد

اسموگ کے پیش نظر پنجاب کے مختلف شہروں میں آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد
دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے تاہم میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، پیٹرول پمپس اور کریانہ اسٹورز مستثنیٰ ہوں گے: اعلامیہ۔ فوٹو فائل

اسموگ کے پیش نظر پنجاب کے مختلف شہروں میں آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی۔

حکومت پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور میں 11 نومبر سے 17 نومبر تک آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد رہے گی، پابندی کا اطلاق ڈسٹرکٹ لاہور، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ پر ہو گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ تاریخوں کے دوران ہر قسم کے آؤٹ ڈور کھیلوں، نمائشوں اور تقریبات پر پابندی ہوگی، ریسٹورنٹس کی آؤٹ ڈور ڈائننگ پر بھی پابندی عائد ہو گی تاہم مذہبی اجتماعات مستثنیٰ ہوں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے تاہم میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، پیٹرول پمپس اور کریانہ اسٹورز مستثنیٰ ہوں گے۔ بڑے ڈپارٹمنٹل اسٹورز میں صرف گراسریز اور میڈیکل سیکشن کھلے رہیں گے۔

اعلامیے کے مطابق خلاف ورزی پر پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن ایکٹ کے تحت کارروائی ہو گی، احکامات کی خلاف ورزی پر دفعہ 188 کے تحت سزا دی جائے گی۔

حکومت پنجاب نے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کودھواں چھوڑتی گاڑیوں کی مانیٹرنگ کی ذمہ داری سونپ دی

دوسری جانب حکومت پنجاب نے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کو دھواں چھوڑتی گاڑیوں کی مانیٹرنگ کی ذمہ داری سونپ دی۔

اس حوالے سے سیکرٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ پنجاب کا کہنا ہے کہ دھواں چھوڑتی گاڑیوں کو سیف سٹی کیمروں سے مانیٹر کیا جائے گا، اس طرح سے ماحول کو آلودہ کرنے والی ہر طرح کی گاڑی کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ گاڑی مالکان کسی بھی پریشانی سے بچنے کیلئے اپنی گاڑی کی مرمت کروا لیں، بسوں اور ٹرکوں کو خاص طور پر چیک کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :