12 نومبر ، 2024
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں تعمیر ہونے والی نئی سڑکوں کے نام شہدا سے منسوب کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے (ق) لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت اور شافع حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس دوران چوہدری شجاعت نےکوئٹہ ریلوے اسٹیشن دھماکے کی مذمت کی، دونوں رہنماؤں نے شہدا کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔
اس دوران چوہدری شجاعت نے حکومت سے تعمیر ہونے والی تمام نئی سڑکوں کو شہدا سے منسوب کرنےکا مطالبہ جسے وزیر داخلہ نے تسلیم کرتے ہوئے اسلام آباد میں تعمیر ہونے والی نئی سڑکوں کے نام شہدا سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کی نظیر اقوام عالم میں نہیں ملتی، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں پاکستانیوں نے جام شہادت نوش کیا جن کی عظیم قربانیوں کا قرض ادا نہیں کیا جاسکتا۔
چوہدری شجاعت اور شافع حسین نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے پر چیئرمین پی سی بی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی محنت اور کھلاڑیوں کی کارکردگی نے جیت میں اہم کردار ادا کیا، امید ہے چیمپئنز ٹرافی میں بھی پاکستانی ٹیم ایسی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔