Time 12 نومبر ، 2024
کھیل

وہ کرکٹرز جنہیں پاک بھارت دونوں ملکوں کیلئے ٹیسٹ میچز کھیلنے کا منفرد اعزاز حاصل ہوا

وہ کرکٹرز جنہیں پاک بھارت دونوں ملکوں کیلئے ٹیسٹ میچز کھیلنے کا منفرد اعزاز حاصل ہوا
فوٹو: انٹرنیٹ

کرکٹ کا کھیل ایجاد انگریزوں نے کیا لیکن اس  کھیل کو برصغیر پاک وہند میں بھی کافی پذیرائی ملی، یہی وجہ ہے کہ پاکستان اور بھارت میں کرکٹ کو ایک الگ اہمیت حاصل ہے۔  

1947 کی آزادی کے بعد کرکٹ کی دنیا کو پاکستان اور بھارت کی صورت میں ایک نئے روایتی حریف ملے، جن کے میچ دیکھنے کے لیے آج بھی پوری دنیا کے کرکٹ شائقین بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔

پاکستان ہو یا پھر بھارت دونوں ملکوں کے نوجوان جو کرکٹ کھیلتے ہیں، وہ کرکٹ کے میدان میں اپنے ملکوں کی نمائندگی ضرور کرنا چاہتے ہیں، چند لوگوں کا یہ خواب پورا بھی ہوتا ہے اور بہت سارے لوگوں کا یہ خواب ادھورا رہ جاتا ہے۔

آج ہم آپ کو کچھ ایسے  خوش قسمت کرکٹرز کے بارے میں بتانے جارہے ہیں جنہیں بھارت اور پھر پاکستان دونوں ملکوں کیلئے ٹیسٹ میچز کھیلنے کا منفرد اعزاز حاصل ہوا۔

واضح رہے کہ یہ کرکٹرز اس دور سے تعلق رکھتے ہیں جب تقسیمِ ہند کے بعد کئی کھلاڑیوں نے دونوں ممالک کے درمیان ہجرت کی اور پھر ان کھلاڑیوں نے بھارت کے بعد پاکستان کی نمائندگی کا منفرد اعزاز حاصل کیا۔

1: گُل محمد

وہ کرکٹرز جنہیں پاک بھارت دونوں ملکوں کیلئے ٹیسٹ میچز کھیلنے کا منفرد اعزاز حاصل ہوا
فوٹو: کرک انفو

گُل محمد ان چند کرکٹرز میں سے ایک ہیں جنہوں نے ٹیسٹ میچز میں 2 ممالک کی نمائندگی کی۔

انہوں نے تقسیم ہند سے قبل 8 ٹیسٹ میچز میں بھارت کی نمائندگی اور پھر آزادی کے بعد 1956 میں پاکستان کے لیے ایک ٹیسٹ میچ کھیلا۔  انہوں نے مجموعی طور پر 9 ٹیسٹ میچز میں 205 رنز اسکور کیے اور 2 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

لاہور میں پیدا ہونے والے گل محمدطویل علالت کے بعد 8 مئی 1992 کو 70 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

2: عامر الٰہی

وہ کرکٹرز جنہیں پاک بھارت دونوں ملکوں کیلئے ٹیسٹ میچز کھیلنے کا منفرد اعزاز حاصل ہوا
فوٹو: کرک انفو

عامر الٰہی کا شمار بھی ان چند کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان اور بھارت دونوں کی نمائندگی کی۔ 

انہوں نے 1947 میں بھارت کے لیے کھیلتے ہوئے ٹیسٹ ڈیبیو کیا اورپھر آزادی کے بعد پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 5 ٹیسٹ میچز کھیلے۔

عامر الٰہی نے 6 ٹیسٹ میچز میں 7 وکٹیں حاصل کیں اور مجموعی طور پر 82 رنز بھی اسکور کیے۔

وہ 28 دسمبر 1980 کو 72 سال کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے تھے۔

3: عبدالحفیظ کاردار:

وہ کرکٹرز جنہیں پاک بھارت دونوں ملکوں کیلئے ٹیسٹ میچز کھیلنے کا منفرد اعزاز حاصل ہوا
فوٹو: کرک انفو

 عبدالحفیظ کاردار پاکستان کرکٹ کے بانیوں میں سے ہیں اور وہ پاکستان کے پہلے کپتان بھی تھے۔ 

انہوں نے بھارت کی جانب سے 1946 میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ کھیلی اور بعد میں پاکستان بننے کے بعد  1952 میں قومی ٹیم کے کپتان بنے اور پاکستان کے لیے 23 ٹیسٹ میچز کھیلے۔

عبدالحفیظ کاردار نے مجموعی طور پر 26 ٹیسٹ میچز میں 927 رنز اسکور کیے اور 21 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

وہ 1996 میں 71 برس کی عمر میں اس دنیا سے رخصت ہوئے۔

مزید خبریں :