12 نومبر ، 2024
گلگت بلتستان کے علاقے استور سے چکوال جانے والی باراتیوں کی بس دریا میں جاگری جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق استور سے چکوال جانے والی باراتیوں کی بس تھلیچی پل کے قریب دریا میں جاگری۔ بس میں 25 سے زائد مسافر سوار تھے۔ بس میں سوار افراد دلہن کو چھوڑنےکے لیے استور سے چکوال جا رہے تھے۔
فیض اللہ فراق کے مطابق دریا سے 14 افراد کی لاشیں اور ایک زخمی کو نکالا گیا ہے جب کہ بقیہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن تیز کرنےکی ہدایت کی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کوسٹر میں 25 افراد سوار تھے، دلہن کو زخمی حالت میں بچالیا گیا ہے۔
ایس پی دیامر شیر خان کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔