12 نومبر ، 2024
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب چینی قافلے پر خودکش حملہ کرنے والے دہشتگرد شاہ فہد کی شہر میں داخل ہونے اور تین دن تک مختلف مقامات پر گھومنے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز منظرعام پر آگئیں۔
سی سی ٹی وی کے مطابق دہشتگرد حب کے راستے سے کراچی میں داخل ہوا، دہشتگرد نے ساتھی خاتون کے ہمراہ 5 بجے حب ٹول پلازہ کراس کیا، رات 10 بجکر 33 منٹ پر صدر کے ہوٹل میں کمرہ حاصل کیا۔ دوسرے روز صبح 10 بجکر 57 منٹ پر گاڑی میں ہوٹل سے نکلا، صدر میں سونی سینٹر کراس کیا، صبح 11 بجکر دو منٹ پر ایمپریس مارکیٹ سے رینبو سینٹر پہنچا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دہشتگرد کو دوپہر 2 بجکر 22 منٹ پر ڈی ایچ اے فیز 1 کے سگنل پر دیکھا جاسکتا ہے۔ اسے کورنگی سے اتحاد ٹاؤن بھی جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ شام سوا پانچ بجے ائیرپورٹ اور پھر 6 بجکر 29 منٹ پر صدر زینب مارکیٹ پر دیکھا گیا اور 6 بجکر 31 منٹ پر واپس اپنے ہوٹل پہنچا۔ شاہ فہد کو ہوٹل کے کاؤنٹر پر بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
حملہ آور تیسرے روز دوپہر 12 بجکر 19 منٹ پر ہوٹل سے نکلا، مبینہ طور پر بارود سے بھری گاڑی شہر کے مختلف مقامات سے ہوتے ہوئے حملے سے تین گھنٹے قبل گلستان جوہر میں چائے کے ہوٹل پرکھڑی رہی۔ اس دوران وہ شارع فیصل، اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس، باغ جناح اور دیگر جگہوں کے چکر لگاتا رہا، شام 4 بجکر20 منٹ پر شارع فیصل فیاض سینٹر کراس کیا۔
دہشتگرد کو بہادرآباد حرمین شریفین ہوٹل کے باہر بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ رات ساڑھے نو بجے دہشتگرد ائیرپورٹ پر پہنچا، فوٹیج میں دہشتگرد شاہ فہد کے ساتھی کو پینٹ شرٹ پہنے پیدل ائیرپورٹ میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ چینی قافلہ نکلتے ہی اوپر کھڑے ساتھی نے دہشتگرد کو فون پر اطلاع دی اور جیسے ہی قافلہ قریب پہنچا تو شاہ فہد نے خودکش دھماکا کردیا۔
دوسری جانب کراچی کی عدالت نے خودکش دھماکے کے مقدمے میں گرفتار دو ملزمان جاوید اور گل نسا کو دس روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
خیال رہے کہ کراچی ائیرپورٹ پر خودکش دھماکے میں دو چینی شہری ہلاک اور ایک چینی شہری سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ 14 گاڑیاں تباہ ہوئیں۔