Time 12 نومبر ، 2024
دلچسپ و عجیب

دنیا کا سب سے بڑا پودا زمین کا سب سے زیادہ عمر والا جاندار بھی قرار

دنیا کا سب سے بڑا پودا زمین کا سب سے زیادہ عمر والا جاندار بھی قرار
اس پودے کا فضائی نظارہ / فوٹو بشکریہ Friends of Pando

امریکا ریاست یوٹاہ کے فش لیک نیشنل فاریسٹ میں دنیا کا سب سے بڑا پودا Pando ٹری موجود ہے۔

سرسری نظر میں وہاں متعدد درختوں پر مشتمل ایک جنگل نظر آتا ہے مگر 2008 میں سائنسدانوں نے تصدیق کی تھی کہ 40 ہزار یا اس سے زائد تنے بنیادی طور پر ایک ہی جڑ کے نظام سے منسلک ہیں اور جینیاتی طور پر ایک جیسے ہیں۔

آسان الفاظ میں یہ ایک بہت بڑا پودا ہے جو 103 ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔

اب سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ پودا دنیا کا سب سے زیادہ عمر والا جاندار ہے۔

ان کا تخمینہ ہے کہ اس پودے کی کم از کم عمر 34 ہزار سال کے قریب ہے اور اس کی زندگی کا آغاز آخری برفانی عہد کے اختتام سے قبل ہوا۔

مگر ان کا غیر مصدقہ تخمینہ ہے کہ ہوسکتا ہے کہ اس پودے کی نشوونما لاکھوں سال سے ہو رہی ہو۔

ابھی اس پودے کی عمر کی باضابطہ تصدیق ہونا باقی ہے۔

اس کی عمر کی تصدیق کے لیے محققین نے جڑوں، پتوں اور چھال کے 500 ٹکڑے حاصل کیے اور پھر ڈی این اے کا تجزیہ کیا۔

محققین نے ان نمونوں کے تجزیے سے 4 ہزار جینیاتی ورژنز کو شناخت کیا اور مختلف میوٹیشنز کا علم ہوا۔

ان کے ایک ماڈل سے یہ عندیہ ملا کہ اس پودے کی عمر 16 سے 80 ہزار  سال کے درمیان ہوسکتی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج ابھی کسی سائنسی جریدے میں شائع نہیں ہوئے بلکہ ایک پری پرنٹ سرور  bioRxiv  میں شائع ہوئے۔

واضح رہے کہ ابھی زمین کے قدیم ترین حیات جاندار کا اعزاز ریاست کیلیفورنیا کے وائٹ مانٹینز میں ایک درخت کے پاس ہے جس کی عمر 5 ہزار سال سے زائد ہے۔

مزید خبریں :