Time 13 نومبر ، 2024
پاکستان

پاکستان میں وی پی اینز کے ذریعے روزانہ غیر اخلاقی ویب سائٹس تک رسائی کی کروڑوں کوششوں کا انکشاف

پاکستان میں وی پی اینز کے ذریعے روزانہ غیر اخلاقی ویب سائٹس تک رسائی کی کروڑوں کوششوں کا انکشاف
شہری وی پی اینز کے ذریعے پابندیوں کو بائی پاس کرتے ہیں اور فحش مواد تک رسائی کی کوشش کی جاتی ہے: ذرائع پی ٹی اے۔ فوٹو فائل

اسلام آباد: پاکستان میں روزانہ کی بنیاد پر وی پی اینز کے ذریعےغیر اخلاقی ویب سائٹس تک رسائی کی 2 کروڑ کوششوں کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع پی ٹی اے کے مطابق شہری وی پی اینز کے ذریعے پابندیوں کو بائی پاس کرتے ہیں، پابندیوں کو بائی پاس کرکے فحش مواد تک رسائی کی کوشش کی جاتی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ملک میں روزانہ غیر اخلاقی ویب سائٹس تک رسائی کی 2کروڑ کوششیں کی جاتی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے نے ایک لاکھ ایک ہزار 83 گستاخانہ یو آر ایل اور 8 لاکھ 44 ہزار 8 غیر اخلاقی ویب سائٹس کو بلاک کر دیا۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی اے کو حکومتی ادارے بھی ایسی سائٹس سے متعلق رپورٹ کرتے ہیں اور انفرادی طور پر بھی غیر اخلاقی مواد سے متعلق پی ٹی اے کو شکایات ملتی ہیں۔

ذرائع پی ٹی اے کا بتانا ہے کہ چند روز قبل پی ٹی اے نے غیر رجسٹرڈ وی پی اینز بلاک کرنا شروع کیا تھا، صارفین کی جانب سے وی پی اینز کی سست روی کی شکایات سامنے آئی تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے پی ٹی اے وی پی اینز کی وائٹ لسٹنگ کا عمل تیز کرنا چاہتا ہے، غیر رجسٹرڈ اور غیر قانونی وی پی اینز سکیورٹی رسک ہیں، غیر رجسٹرڈ وی پی اینز سے غیر قانونی مواد تک رسائی بھی ہو سکتی ہے۔

مزید خبریں :