13 نومبر ، 2024
امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز کے میزبان، مصنف اور سابق فوجی پیٹ ہیگستھ کو وزیر دفاع نامزد کر دیا۔
5 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ اپنی ٹیم کی تشکیل میں مصروف ہیں اور انہوں نے مختلف عہدوں کے لیے افراد کا چناؤ شروع کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز کے میزبان اور سابق فوجی پیٹ ہیگستھ کو وزیر دفاع نامزد کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 44 سالہ ہیگستھ عراق، افغانستان جنگ کےدوران امریکی فوج میں خدمات انجام دےچکےہیں اور اب اپنی پہلی سیاسی ذمہ داری میں وہ امریکا کے وزیر دفاع کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
منگل کے روز اس نامزدگی کا اعلان کرتے ہوئے، ٹرمپ نے پیٹ ہیگستھ کو مضبوط، ذہین اور امریکا کے سچے حامی کے طور پر سراہا۔
مینیسوٹا کے شہر مینیپولس میں پیدا ہونے والے پیٹ ہیگستھ نے حالیہ برسوں میں ایک قدامت پسند مبصر کے طور پر کام کیا ہے۔ وہ اپنی اہلیہ اور7 بچوں کے ساتھ ٹینیسی میں مقیم ہیں۔
44 سالہ پیٹ ہیگستھ نے فاکس نیوز پر مختلف پروگرامز کی میزبانی کی، جہاں انہوں نے اپنے پلیٹ فارم کے ذریعے فوج اور سابق فوجیوں کے مسائل پر توجہ دلائی۔ منگل کو ان کا فاکس نیوز میں آخری دن تھا۔
امریکی میڈیا کے مطابق ہیگستھ نے ٹرمپ کی پہلی صدارت کے دوران جنگی جرائم کے الزامات کا سامنا کرنے والے فوجیوں کی معافی کے لیے کامیابی سے لابنگ کی۔
دوسری جانب نو منتخب امریکی صدر نے رئیل اسٹیٹ ٹائیکون اسٹیووٹکوف کو مشرق وسطیٰ کیلئے خصوصی ایلچی جبکہ مغربی کنارے کے وجود سے انکاری اور حماس سے جنگ بندی کے مخالف اسرائیل نواز سابق گورنر مائیک ہکابی جان کو اسرائیل کیلئے امریکی سفیر نامزد کیا ہے۔
اس کے علاوہ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سربراہ کے لیے جان ریٹکلیف کو نامزد کیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی صدارتی مہم میں اہم کردار ادا کرنے والے دنیا کے سب سے امیر ترین شخص ایلون مسک کو بھی اہم ذمہ داری سونپ دی ہے۔
نو منتخب امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ ایلون مسک اور سابق ری پبلکن صدارتی امیدوار ویوک رام سوامی ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفی شنسی (DOGE) کی سربراہی کریں گے۔
خیال رہے کہ 5 نومبر 2024 کو امریکا میں ہونے والے عام انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس کو شکست دیکر دوسری مرتبہ امریکا کے صدر منتخب ہوگئے تھے۔
نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو امریکا کے 47 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔