Time 13 نومبر ، 2024
کھیل

پہلے انڈر 19 ویمنز ایشیا کپ کا شیڈول جاری، پاک بھارت ٹیمیں ایک گروپ میں شامل

پہلے انڈر 19 ویمنز ایشیا کپ کا شیڈول جاری، پاک بھارت ٹیمیں ایک گروپ میں شامل
فوٹو: اے سی سی

ایشین کرکٹ کونسل نے پہلے انڈر 19 ویمنز ایشیا کپ کا شیڈول جاری کر دیا۔

 یہ ایونٹ 15 دسمبر سے 22 دسمبر تک ملائیشیا میں منعقد ہوگا، جس میں 6 ٹیمیں شریک ہوں گی۔

ایشین کرکٹ کونسل نے روایت برقرار رکھتے ہوئے انڈر 19 ویمنز ایونٹ میں بھی پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں شامل کیا ہے۔

دونوں ٹیمیں نیپال کے ساتھ گروپ اے کا حصہ ہیں جبکہ گروپ بی میں میزبان ملائیشیا، بنگلا دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل ہیں۔

شیڈول کے مطابق پاکستان اور بھارت کی انڈر 19 ویمنز ٹیموں کے درمیان مقابلہ 15 دسمبر کو ہوگا، جو ایونٹ کا افتتاحی میچ بھی ہے۔ 

16 دسمبر کو پاکستان اور نیپال کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

گروپ مرحلے کے اختتام پر ہر گروپ کی 2 ٹاپ ٹیمیں سپر فور مرحلے میں پہنچیں گی۔ سپر فور کے مقابلے 19 اور 20 دسمبر کو کھیلے جائیں گے، جس میں ہر ٹیم کو دوسرے گروپ کی دو ٹاپ ٹیموں سے مقابلہ کرنا ہوگا۔

ٹورنامنٹ کا فائنل 22 دسمبر کو کھیلا جائے گا، جہاں سپر فور کی 2 بہترین ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔

مزید خبریں :