Time 14 نومبر ، 2024
کھیل

چیمپئنز ٹرافی 2025: ایونٹ کی ٹرافی پاکستان پہنچ گئی

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان تو نہیں کیا جا سکا لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایونٹ کی ٹرافی دبئی سے اسلام اباد پہنچا دی، اب  اس  ٹرافی ٹور کا آغاز ہفتے کو ہوگا۔

آئی سی سی کے شیڈول کے مطابق 16نومبر سے شروع ہونے والاچیمپئنز ٹرافی ٹور 24 نومبر تک جاری رہے گا ، ٹرافی ٹور کا آغاز ہفتے کو اسلام آباد سے ہوگا ، ٹرافی اسکردو کے ٹو بیس کیمپ بھی لے جایا جائے گا۔

ٹرافی ٹور میں مری ، ہنزہ ، مظفر آباد کے علاوہ دیگر شہر بھی شامل ہیں۔

یہ پہلا موقع ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کے اعلان کے بغیر ہی ٹرافی ٹور شروع ہو گا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹورنامنٹ کے آغاز سے 4 ماہ پہلے شیڈول کا اعلان کرتی ہے ، جیسے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے شیڈول کا اعلان 4 ماہ پہلے اور ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے شیڈول کا اعلان 3 ماہ پہلے کر دیا گیا تھا۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں شیڈولڈ ہے ۔ اس کے شیڈول کا اعلان آئی سی سی نے 11 نومبر کو لاہور میں کرنا تھا لیکن یہ تقریب منسوخ کر دی گئی تھی۔

بھارتی انکار کے باعث آئی سی سی ٹرافی کے شیڈول کا اعلان نہیں کر پا رہی ، چیمپئنز ٹرافی 2024 میں بھارت کے تمام میچز لاہور میں منعقد ہونا تھے۔

واضح رہے کہ بھارت نے پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی کرکٹ ٹیم بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔

ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل قبول نہ کرنے کے اپنے مؤقف پر سختی سے قائم ہے۔

مزید خبریں :