14 نومبر ، 2024
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے سیاست میں باضابطہ انٹری دے دی ہے۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی نے 13 نومبر کو پی ٹی آئی کی سیاسی قیادت کو پشاور میں بلا کر میٹنگ کی اور انہیں 24 نومبر کے احتجاج کی حکمت عملی کے احکامات دیے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ بشریٰ بی بی نے 24 نومبر کے احتجاج کی تیاریوں کے لیے ٹیمیں بھی تشکیل دی ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہےکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور بشریٰ بی بی کی سیاسی معاملات پر معاونت کر رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی پارٹی قیادت کو حتمی منظوری کے لیے بشریٰ بی بی کا پابند کردیا گیا ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہےکہ بشریٰ بی بی یکم نومبر سے پارٹی فیصلوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
دوسری جانب بشریٰ بی بی کی ترجمان مشال یوسفزئی نے جیونیوز سےگفتگو میں کہا کہ بشریٰ بی بی نے کوئی سیاسی انٹری نہیں دی، سابق خاتون اول کی سیاسی سرگرمیوں سے متعلق خبریں من گھڑت ہیں۔
مشال یوسفزئی کا کہنا تھا کہ باربارکہہ چکے ہیں بشریٰ بی بی غیرسیاسی خاتون ہیں، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیےکوششیں کرنا اہلیہ کا فرض ہے۔