Time 16 نومبر ، 2024
پاکستان

دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024کا آغاز 19 نومبر سےکراچی ایکسپو سینٹر میں ہوگا

دفاعی ساز و سامان کی بین الاقوامی نمائش 'آئیڈیاز 2024' کراچی کے ایکسپو سینٹر میں 19 سے 22 نومبر تک ہوگی، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف افتتاح کریں گے۔

نمائش میں 55 ملکوں کے 330 غیر ملکی نمائش کنندگان اور 33 غیر ملکی وفود شرکت کریں گے۔ ایران، اٹلی اور یوکرین پہلی بار نمائش میں شریک ہو رہے ہیں ۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ نمائش میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس ساز و سامان بھی پیش کیا جائےگا۔

میڈیا بریفنگ میں ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن  کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر علی عادل نے بتایا کہ نمائش میں 55 ممالک کی 333 غیر ملکی کمپنیوں سمیت 557 کمپنیوں اور 5 ہزار سے زیادہ ملکی اور غیر ملکی مندوبین شرکت کریں گے۔

بریگیڈیئر علی عادل نےکہا کہ آئیڈیاز  نہ صرف دفاعی صنعت کو بلکہ ملک کی مجموعی ترقی کو بھی مستحکم طور پر آگے بڑھانے میں مدد  دے رہا ہے۔

ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے میڈیا کوآرڈینیٹر کموڈور  اعتزاز  خالد نے بتایا کہ ایران، اٹلی اور یوکرین پہلی بار نمائش میں شریک ہورہے ہیں جب کہ چین اور ترکی کی کمپنیوں کے لیے الگ تین پویلین بنائےگئے ہیں۔

ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ کا کہنا تھا کہ نمائش کے دوران سرشاہ سلیمان روڈ حسن اسکوائر سے اسٹیدیم تک صبح 7 سے شام 7 بجے تک بند رہے گی۔ یونیورسٹی اور اسٹیڈیم روڈ سے ایکسپو آنے والی سڑک بند  رہےگی۔

ایکسپو کے اطراف کی سڑکوں پر چھوٹی گاڑیوں کی اجازت ہوگی جب کہ ہیوی ٹریفک بند ہوگی۔ دفاعی نمائش کے دوران عوام سے تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔

مزید خبریں :