16 نومبر ، 2024
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 24 نومبر کے احتجاج سے قبل ہی پشاور کی ضلعی تنظیم میں اختلافات سامنے آگئے۔
پشاور سٹی کے سینیئر نائب صدر ملک اسلم اور جنرل سیکرٹری تقدیر علی نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔ تقدیر علی نے اپنا استعفے کا باضابطہ اعلان ویڈیو پیغام کے ذریعے کیا۔
سینیئر نائب صدر ملک اسلم نے بھی ہاتھ سے لکھا اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو پیش کردیا۔ ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ پشاور سے مزید عہدیداروں کے استعفے آنے کا امکان ہے اور اختلافات عہدوں کے تقسیم پر سامنے آئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مستعفی ہونے والے عہدیداروں کو منانے میں ضلعی قیادت مصروف ہے۔
جیونیوز سے گفتگو میں صدر پی ٹی آئی پشاور ریجن ارباب عاصم کا کہنا تھاکہ پارٹی میں معمولی اختلافات آتے رہتے ہیں، عہدوں کی تقسیم کا مسلہ جلد حل ہوجائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے 24 نومبر کو احتجاج کی فائنل کال دے رکھی ہے، اس کے علاوہ احتجاج کی تیاریوں کے حوالے سے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی پشاور میں متحرک ہیں۔