17 نومبر ، 2024
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نےکہا ہےکہ پی ٹی آئی نے ہوم ورک کے بغیر احتجاج کی کال دی ہے، یہ کال خود ان کے لیے نقصان کا باعث بنےگی۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج حکومت کے لیے چیلنج نہیں ہے، وزیراعظم نے پی ٹی آئی کو سیاسی ڈائیلاگ کی پیشکش کی تھی لیکن ڈائیلاگ بانی پی ٹی آئی کی سیاست میں نہیں ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ وی پی این بلاک کرنے سے متعلق حکومتی رائے سے آگاہ نہیں، وی پی این سے متعلق معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل اور راغب نعیمی کا معاملہ نہیں، وی پی این سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل نے غیرضروری رائے دی۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ وی پی این کے استعمال کا شریعت سے کوئی تعلق ہی نہیں، ایکس کے غلط استعمال کی وجہ سے حکومت نے پابندی لگائی۔