17 نومبر ، 2024
پاکستان کے میراتھون رنر علی حیدر نے انجری کے باوجود بینکاک میراتھون کامیابی سے مکمل کرلی۔
بینکاک میراتھون علی حیدر کی پہلی انٹرنیشنل میراتھون تھی تاہم اس کی تیاریوں کے دوران وہ انجری کا شکار ہوگئے تھے لیکن انجری کے باوجود بھی علی نے ایونٹ میں شرکت کی۔
42 کلو میٹر سے زائد کے اس مقابلے میں علی نے ابتدائی 18 کلومیٹر تک تقریباً 7 منٹ فی کلومیٹر کی رفتار برقرار رکھی لیکن پھر گھٹنے کی انجری کی وجہ سے انہیں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
ایک موقع پر اس انجری کی وجہ سے ان کی رفتار 10 منٹ فی کلو میٹر تک گر گئی تاہم علی نے حوصلہ پست نہ ہونے دیا۔ علی حیدر نے بتایا کہ ان موقع پر درد اتنا شدید تھا کہ انہیں لنگڑاتے ہوئے مقابلہ جاری رکھنا پڑا۔
علی نے میراتھون 6 گھنٹے 5 منٹ اور 3 سیکنڈز میں مکمل کی۔ ان کی اوسط رفتار 8:39 منٹ فی کلو میٹر رہی، انہوں نے انجری اور سخت موسم میں میراتھون مکمل کرتے ہوئے 921 رنرز میں سے 731 ویں پوزیشن حاصل کی۔