Time 18 نومبر ، 2024
پاکستان

اسموگ پالیسی پر سنجیدگی سے عمل کیا جائے تو مثبت نتائج حاصل ہوں گے: لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ نے ماحولیاتی آلودگی کے خلاف پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہا اور پالیسیز کو اسموگ سے نجات کے لیے روڈ میپ قراردے دیا۔ 

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے تدارک کے لیے درخواستوں کی گزشتہ سماعت کا 4 صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کر دیا۔

عدالت نے تحریری حکم میں لاہور میں موٹر سائیکلوں کی سختی سے نگرانی کی ہدایت کی اور قرار دیا کہ حکومت کی جانب سے الیکٹرک بسوں کی خریداری احسن اقدام ہے، الیکٹرک بسوں سے ماحولیاتی آلودگی میں خاطر خواہ کمی ہوگی۔

تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل کے مطابق حکومت نے ایسے علاقوں کی نشاندہی کی ہے جہاں درخت لگائے جا سکتے ہیں، درخت لگانے کے لیے حکومت کو نئی زمین حاصل کرنے کی بھی ضرورت نہیں۔

تحریری حکم میں مزید کہا گیا کہ حکومتی پلان کے مطابق جی ٹی روڈ، ملتان روڈ، فیروزپور روڈ پر موجود انڈسٹری یونٹس کو انڈسٹریل اسٹیٹ میں منتقل کیا جائے گا، اگر اسموگ پالیسی پر سنجیدگی سے عمل کیا جائے تو اس سے مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔

درخواستوں پر مزید سماعت 20 نومبر کو ہوگی ۔

مزید خبریں :