22 نومبر ، 2024
پاکستانی ائیرلائنز کی یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔
ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پی آئی اےکی یورپی ملکوں میں پروازوں پر پابندی کے معاملے پر یورپی ائیرسیفٹی کمیٹی کا برسلز میں 3 روزہ اجلاس ہوا، جس میں ایاسا نے پاکستان سول ایوی ایشن کی رپورٹ پر اجلاس کو بریفنگ دی۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں پی آئی اے سمیت دیگرپاکستانی ائیرلائنز کی یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا، اجلاس میں پی آئی اے کے تھرڈ کنٹری آتھورائیزیشن پر بھی غور کیا گیا جبکہ یورپی ائیرسیفٹی کمیٹی نے سی اے اے کے سیفٹی اوورسائٹ اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ یورپین ائیرسیفٹی کمیٹی 6 دسمبر کوپروازوں کی اجازت دینے یا نہ دینے کا فیصلہ دے گی جبکہ دیگر ملکوں کی ائیرلائنز کی یورپ کیلئے پروازوں سے متعلق فیصلہ بھی 6 دسمبر کو ہوگا۔
واضح رہے کہ پائلٹس لائسنس اسکینڈل کے باعث 2020 سے پی آئی اے سمیت تمام پاکستانی ائیرلائنزپر یورپی ممالک کی پروازوں کے لیے پابندی عائد ہے۔