23 نومبر ، 2024
پنجاب اور بلوچستان کی حکومتوں کی جانب سے اپنے صوبے میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جس کے بعد 4 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی ہوگی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب میں 25 نومبر تک جبکہ بلوچستان میں 15 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جس دوران دھرنے، ریلیاں، جلسے برآمد نہیں کیے جاسکیں گے اور چار سے زائد افراد کے اجتماع پر بھی پابندی ہوگی۔
ادھر لاہور میں رنگ روڈ کو دو دن 23 اور 24 نومبر کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے، ٹھوکر نیاز بیگ پر بھی کنٹینرز لگا کر موٹروے پر جانے والی ٹریفک روک دی گئی ہے جبکہ جی ٹی روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر بھی ٹریفک سست روی کا شکارہے۔
ادھر اسلام آباد کے بھی تمام داخلی راستے بند کردیے گئے ہیں، موٹروے سے اسلام آباد کے تمام انٹری پوائنٹس ٹریفک کیلئے بند ہیں۔
اسلام آباد میں ڈی چوک جانے والے راستے اور ریڈ زون پہلے ہی سیل کردیے گئے تھے، شہرمیں امن و امان قائم رکھنے کیلئے رینجرز اور ایف سی بھی تعینات کی جا رہی ہے۔
راولپنڈی میں رات 9 بجے سے ٹرانسپورٹ اڈے تا حکم ثانی بند رہیں گے، اسلام آباد میں آج میٹرو بس سروس بند رہے گی جبکہ جڑواں شہروں میں میٹروبس سروس کل مکمل بند رہے گی۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے، گیسٹ ہاؤس اور ہوٹلوں کی چیکنگ کی جار رہی ہے جبکہ ہوٹلوں میں رہائش پذیرلوگوں کا ڈیٹا چیک کیا جا رہا ہے جس دوران کئی مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر لگائی گئی ہے۔